خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ میں عید میلاد النبیﷺ پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

کوئٹہ میں عید میلاد النبیﷺ پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی
کو ئٹہ:(ملت آن لائن) ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے 3ہزار پولیس جوانوں کے علاوہ فرنٹیئرکور بلوچستان کی بھاری نفری جلوس کی سکیورٹی پر تعینات جبکہ دو روز کیلئے کوئٹہ میں ڈبل سوار ی پر پاپندی کے ساتھ ساتھ موبائل سروس کی بندش اور جلوس کی فضائی نگرانی کیلئے محکمہ داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پاک فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر پولیس کی جانب سے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے علاوہ منتظمین ضلعی انتظامیہ اور دیگر حکام سے متعدد مٹینگز کی گئی ہیں ،کوئٹہ میں تقریباً13جلوس نکلیں گے یہ صبح ساڑے آٹھ بجے سے لیکر ساڑے بارہ بجے تک مکمل ہوجائینگے اور تمام جلوس کی شرکاء اپنے اپنے علاقوں میں جاکر نماز جمعہ ادا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے انتظامی حوالے سے ہوم ورک مکمل کرکے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ کوئٹہ شہر میں 13جلوس کی سکیورٹی پر تین ہزار پولیس اہلکار دو ونگ فرنٹیئرکور تعینات ہونگے اور جلوس کی روٹس کی صفائی ستھرائی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس منتظمین اور انتظامیہ کے آفیسران روٹ کا دورہ کررہے ہیں تاکہ معاملات کو بہتر بنایا جاسکے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے مزید بتایا کہ جلوس کی نگرانی کیمروں کے ذریعے بھی کی جائیگی اور جلوس کی ڈیوٹی پر معمور پولیس اہلکاروں کو خصوصی کارڈ اورگاڑیوں کو اسٹیکر جاری کئے جائینگے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔