خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ میں فرقہ وارانہ کارروائی کی کوشش ناکام، بارود سے بھری گاڑی برآمد

کوئٹہ میں فرقہ وارانہ کارروائی کی کوشش ناکام، بارود سے بھری گاڑی برآمد

راولپنڈی، کوئٹہ (ملت آن لائن)ایف سی بلوچستان نے کوئٹہ میں فرقہ وارانہ کارروائی کی کوشش ناکام بنادی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی بلوچستان نے پشین کے علاقے طور شاہ میں کارروائی کی جہاں سے بارود سے بھری گاڑی برآمد کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بروقت کارروائی کے نتیجے میں کوئٹہ میں فرقہ وارانہ کارروائی کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے، بارود سے بھری گاڑی محرم کے جلوس میں تخریب کاری کے لیے استعمال ہونا تھی۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فورسز کی کارروائی میں تخریب کاری کا ماسٹر مائنڈ 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کیں جس کے تحت راولپنڈی، اسلام آباد اور ملتان میں انٹیلی جنس معلومات پر آپریشنز کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ غازی خان، سیالکوٹ، لاہور، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی کارروائیاں کی گئیں جب کہ ان تمام کارروائیوں اور آپریشنز میں مجموعی طور پر 27 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ رینجرز اور پولیس نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں پٹرولنگ اور فلیگ مارچ کیا جب کہ حساس علاقوں کےقریب کوئیک ری ایکشن فورسز تعینات کردی گئی ہیں۔