خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ،1وکیل جاں بحق

کوئٹہ:(اے پی پی) صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک وکیل کو قتل کر دیا گیا ہے،واقعہ کوئٹہ شہر میں فیصل ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا- بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے جہانزیب علوی کے قتل کے واقعے کی مذمت کی ہے، بلوچستان ایسوسی ایشن نے ان کے قتل کے خلاف آج عدالتوں کے بائیکاٹ کی کال دی ہے. بروری روڈ پولیس اسٹیشن کے حکام نے بتایا کہ جس وقت واقعہ پیش آیا جہانزیب علوی ایڈووکیٹ عدالت سے فارغ ہونے کے بعد فیصل ٹاؤن میں واقع اپنے گھر جا رہے تھے. پولیس کے مطابق بروری روڈ سے فیصل ٹاؤن کی جانب موڑتے ہوئے جہانزیب علوی گاڑی کے ٹائروں میں ہوا بھروانے کے لیے رکے،وہاں دو مسلح افراد آئے اور وکیل پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے. فائرنگ کرنے کے بعد حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جو بعد میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے- اس سے قبل گزشتہ روز نامعلوم ملزمان نے بلوچستان کے شہر چمن سے ایک سینیئر ڈاکٹر کو اغواکرلیا،مغوی ڈاکٹر غلام محمد چمن میں ریلوے اسپتال میں کام کر رہے تھے.