خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ چرچ حملہ: ہلاک دہشتگردوں کے نمونے فرانزک کیلئے بھجوا دیے گئے

کوئٹہ چرچ حملہ: ہلاک دہشتگردوں کے نمونے فرانزک کیلئے بھجوا دیے گئے
بلوچستان:(ملت آن لائن)کوئٹہ چرچ حملے میں ملوث دہشت گردوں کی باقیات کے نمومے پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق کوئٹہ چرچ پر حملے کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے جسم کے نمونے ٹیسٹ کے لئے پنجاب فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ دھماکے میں استعمال بارودی مواد، سی سی ٹی وی ویڈیو اور دہشت گردوں کی شناخت کے لئے فنگر پرنٹس کے نمونے بھی لاہور بھجوائے گئے ہیں۔ کوئٹہ میں دہشتگردوں کا چرچ پر حملہ، 9 افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی خیال رہے کہ 17 دسمبر کو کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر دہشت گردوں نے اس وقت چرچ پر حملہ کیا جب وہاں دعائیہ تقریب جاری تھی اور چرچ میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 400 افراد موجود تھے۔ چرچ پر حملے کے دوران ایک دہشت گرد مرکزی دروازے پر تعینات اہلکار کی فائرنگ سے ہلاک اور دوسرے خودکش بمبار نے خود کو چرچ کے احاطے میں دھماکے سے اڑایا۔ افسوسناک واقعے میں 9 افراد جاں بحق اور 57 زخمی ہوئے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر تمام چرچوں کی سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے نفری بڑھا دی جب کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے چرچوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔