خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ کومبنگ آپریشن میں 80 سے زائد افراد گرفتار

کوئٹہ (اے پی پی) سانحہ کوئٹہ کو ایک ماہ گزر گیا ، واقعہ کے بعد صوبہ میں کومبنگ آپریشن مین اب تک کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 80 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ واقعہ کے خلاف وکلا کا 30 ویں روز بھی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ جاری ہے جس کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ 8 اگست کے سانحہ سول ہسپتال کے باعث پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بارایسویشن کی جانب سے سانحہ کے خلاف احتجاجاً صوبہ کی تمام ماتحت عدالتوں کا بائیکاٹ بددستور جاری ہے ، ایک ماہ سے عدالتوں میں کسی قسم کی سماعت نہیں ہو رہی جس کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ عدالتوں کے بار رومز پرسیاہ جھنڈے آویزاں ہیں ۔ وکلا رہنماوں نے شہدا وکلا کے چہلم تک بائیکاٹ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ وکلا کے عدالتوں میں پیش نہ ہونے کے باعث کیسز کی سماعت نہ ہونے پر دور دراز علاقوں سے آئے سائلین کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ دوسری جانب واقعہ کے بعد صوبے میں کومبنگ آپریشن شروع کیا گیا جس میں اب تک 82 گرفتار کئے گئے ہیں جن سے نامعلوم مقام پر تحقیقات جاری ہے ۔