خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ کے علاقے نوحصار میں خود کش حملہ، 4 ایف سی اہلکار شہید

کوئٹہ کے علاقے نوحصار میں خود کش حملہ، 4 ایف سی اہلکار شہید

لاہور:(ملت آن لائن) کوئٹہ کے نواحی علاقے نوحصار میں خود کش حملے کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 8 زخمی ہو گئے۔ خود کش حملہ کوئٹہ کے نواحی علاقے نوحصار میں ایف سی اور لیویز کے کیمپ پر کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 4 ایف سی اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کے بعد لیویز اور ایف سی اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ایف سی کیمپ پر ہونے والے خود کش حملے میں 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، حملہ آور پید ل تھا اور اس کی عمر 10 سے 15 سال کے درمیان تھی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے مقام کو کلئیر کردیا گیا ہے۔
پنجاب میں سیکیورٹی سخت
کوئٹہ دھماکے کے بعد آئی جی پنجاب نے صوبے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کاحکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب عارف نواز نے ہدایات جاری کیں کہ اہم حساس تنصیبات،تعلیمی اداروں،عبادت گاہوں اور اہم مارکیٹوں کی سیکیورٹی بڑھائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرچ، سوئیپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے،شہروں کےداخلی وخارجی راستوں پرچیکنگ،مانیٹرنگ کاعمل مزیدسخت کیاجائے اور عوام کےجان ومال کاتحفظ یقینی بنانےکیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔ شکست خوردہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں کرسکتے، وزیر داخلہ وزیرداخلہ احسن اقبال نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الطاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔
کوئٹہ:ڈی ایس پی حمید اللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کمرتوڑی جا چکی ہے، شکست خوردہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
دہشتگردی میں ملوث افراد کسی نرمی کے مستحق نہیں، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی کوئٹہ میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پردکھ کا اظہار کیا۔ عمران خان نے شہدا ء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے واقعے کی جامع اورفوری تحقیقات کی جائے کیونکہ دہشتگردی میں ملوث افراد کسی نرمی کے مستحق نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔
دہشت گردوں کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ کے علاقے نوحصارمیں ایف سی کیمپ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کا کردار قابل تعریف ہے اور دہشت گردوں کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ خیال رہے کہ آج صبح ہی کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ پر ڈی ایس پی حمید اللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔