خبرنامہ بلوچستان

کوئٹہ: 25 ہزار سے زائد خالی آسامیاں 90 روز میں پر کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ: (ملت+اے پی پی) غربت، پسماندگی اور بے روز گاری کی چکی میں پسنے والے بلوچستان کے عوام کی بالآخر سنی گئی۔ صوبے کے عوام کے مسائل اور بے روزگاری کو ختم کرنے کی دعویدار حکومت کو 4 سال بعد مختلف محکموں میں 25 ہزار سے زائد خالی آسامیاں نظر آ ہی گئیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی صدارت میں منقد ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں خالی آسامیوں پر 90 روز میں بھرتیاں مکمل کرنے کا فیصلہ ہو گیا جبکہ گریڈ 1 سے 10 تک اساتذہ اور پیرامیڈیکس کی بھرتیاں ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے کی جائیں گی۔ بلوچستان کابینہ نے لورالائی، خصدار اور تربت میں میڈیکل کالجز بنانے کا فیصلہ کیا اور گوادر کے حوالے سے صوبے کی مختلف سیاسی اور پارلیمانی جماعتوں کے تحفظات کو دور کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کیمٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی۔ کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ گوادر پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ صوبے کے عوام کی قسمت بدل کر رکھ دے گا۔