خبرنامہ بلوچستان

کوہستان،تحصیل کندیاں میں مٹی کا تودہ گرنے سے پانچ مکانات تباہ،تیس افراد ملبے تلے دب گئے

کوہستان (آن لائن) کوہستان کی تحصیل کندیاں کے علاقے اتھور میں مٹی کا تودہ گرنے سے پانچ مکانات تباہ اور تیس افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعہ اتوار کی شب کو پیش آیا تفصلات کے مطابق کوہستان میں تحصیل کندیاں کے علاقے اتھور میں مٹی کا تودہ گرنے سے پانچ مکانات کے مکین ، 30 افراد زندہ ملبے تلے دب گئے ڈی پی او کوہستان علی رحمت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملبے تلے دبے ہوئے افراد میں خواتین اور بچے شامل ہیں مقامی لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لئے کام کر رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ امدادی ٹیموں کو روانہ کر دی گئی تھیں تاہم راستہ بند ہونے کے باعث متاثرہ علاقے میں پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ امدادی ٹیمإں بروقت نہ پہنچنے پر صوبائی حکومت سے ہیلی کاپٹر مانگ لیا ہے ۔ڈی پی او کوہستان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں کی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر بلاک ہیں جس کی وجہ سے گلگت بلتستان جانے والے ہزاروں مسافروں اور غیر ملکی سیاح پھنسے ہوئے ہیں غیر ملکی سیاحوں میں 21 جاپانی سیاحوں کو بحفاظت کوہستان ڈسٹرکٹ آفس منتقل کر دیا ہے واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی بارش نے گلگت بلتستان ، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں تباہی پھیلا دی جس سے 65 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ۔