خبرنامہ بلوچستان

گوادر: آبی بحران کا خطرہ، آنکارہ ڈیم خشک

گوادر:(ملت+اے پی پی) میں آبی بحران کے سائرن بج گئے۔ آنکارہ ڈیم خشک ہوگیا ہے۔ ڈیم میں پانی کا ذخیرہ جمع ہونے تک شہریوں کو واٹر باؤزر کے ذریعے پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔ سی پیک اور گوادر بندرگاہ منصوبوں کی بدولت وجہ شہرت پانے اور مستقبل کے جدید ترقی یافتہ شہر بننے والے گوادر شہر میں آبی بحران کے سائرن بج گئے ہیں۔ پی ایچ ای ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ گوادر شہر، پشکان اور جیونی سمیت دیگر قرب و جوار کے علاقوں کو پانی فراہم کرنے والا اکلوتا آنکارہ ڈیم طویل خشک سالی کے باعث اب خشک ہو چکا ہے۔ اس سے قبل آنکارہ ڈیم 2014اور 2015کو بھی خشک ہوچکا تھا اور یہ تیسری مر تبہ ہے کہ آنکارہ ڈیم خشک ہونے جا رہا ہے۔ ڈیم خشک ہو نے کی صورت میں گوادر میں کوئی دوسرا آبی ذخیرہ موجود نہیں ہے۔ ایک اہم آبی ذخیرہ سوڈ ڈیم ہے جو حال ہی میں مکمل کیا گیا ہے، جس میں پانی موجود نہیں ہے۔ آبی بحران پر قابو پانے کے لئے کارواٹ ڈی سیلینیشن پلانٹ پر بھی انحصار کیا جاتا رہا ہے۔