خبرنامہ بلوچستان

گوادر مستقبل میں دوسرا دبئی بن سکتا ہے، برطانوی اخبار

گوادر مستقبل میں دوسرا دبئی بن سکتا ہے، برطانوی اخبار

لندن:(ملت آن لائن) برطانوی اخبار نے گوادر کو پاکستان اور چین دونوں ممالک کے لیے اہم شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر مستقبل میں دوسرا دبئی بن سکتا ہے اور اس سے ایشیا میں طاقت کا توازن بھی تبدیل ہوگا ۔ برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے اپنی ایک رپورٹ میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے لکھا ہے کہ چین کی جانب سے گوادر شہر میں سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان کو بجلی اور توانائی کے شدید بحران کا سامنا ہے اور بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو کم کرنے اور ترسیلی اور مواصلاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اسے 30 سے 35 ارب ڈالر درکار تھے تاہم پاکستان اپنے ذرائع سے اتنی بڑی رقم فراہم نہیں کرسکتا تھا۔ ایسے میں چین کی جانب سے گوادر بندرگاہ تک رسائی کے لیے شروع کیا جانے والا اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ چین کی جانب سے اقتصادی راہداری منصوبے پر 62 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی جس کے نتیجے میں پاکستان کی قومی معیشت میں مجموعی طور پر بہتری آئے گی جبکہ چین کو اپنا مال یورپی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے ایک بہترین اور مختصر راستہ میسر آجائے گا۔ چین کے اس منصوبے سے ایشیا میں طاقت کا توازن بھی تبدیل ہوگا کیونکہ چین بحیرہ عرب کے اطراف میں اپنی پوزیشن بتدریج مستحکم کرتے ہوئے میانمار اور سری لنکا میں بحری اڈے قائم کررہا ہے جس کا مقصد اپنے مال بردار جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔