خبرنامہ گلگت

ادھورے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے: وزیر اعلیٰ

گلگت (ملت + اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے محکمہ تعمیرات، واسا، تعلیم اور صحت کے متعلقہ افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے واٹر سپلائی کے ادھورے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے گلگت شہر میں متبادل شاہراہوں اور انٹر لینک سڑکوں کی تعمیر کا کام جلداز جلد مکمل کیاجائے عوامی نوعیت کے منصوبوں میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ محمد آباد کے مقام پر پل کی تعمیر سے سرکاری دفاتر کے قیام کیلئے وسیع اراضی میسر آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری تعمیرات میں ملٹی سٹوری بلڈنگزکو ترجیح دی جائے۔نالوں پر غیر قانونی تعمیرات روکنے کیلئے سختی سے کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ ریورویو بائی پاس کی تعمیر کے حوالے سے فزیبلٹی جلد از جلد مکمل کی جائے شہر کے گنجان علاقوں میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ ٹاؤن ایریا کی سٹی پلاننگ کی جائے تاکہ شہر کا انفراسٹرکچر جدید طرز پر تعمیرکیا جاسکے۔ انڈسٹریل زون کے قیام کے بعد شہر سے چھوٹی صنعتوں کو انڈسٹریل زون منتقل کی جائے گا جہاں انہیں خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے اربن ٹرانسپورٹ متعارف کرایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ماڈل سکولوں کی تعمیر کیلئے جلد از جلد پی سی ون کی منظوری کو یقینی بنائے تاکہ ہر سال صوبے میں 20ماڈل سکولز تعمیر کئے جاسکے جس سے عوام کو بہتر تعلیمی ماحول اور تعلیمی سہولیات فراہم کئے جاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2018ء اور2019ء تک صوبے کے تمام سکولوں کے مسنگ فیسلٹیز کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے گا جس کیلئے درکار فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔