خبرنامہ گلگت

استور،تمام ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ،ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ

استور:(اے پی پی) گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کے باعث گھروں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے جبکہ ضلع استور کے بالائی علاقوں کی تمام رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور بجلی گھروں کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے گزشتہ 48 گھنٹوں سے بجلی کی سپلائی معطل ہو کر رہ گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق استور اور اس کے مضافات میں گزشتہ 2 روز سے جاری بارشوں کے باعث درلے بالا 20 گھروں کونقصان پہنچا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ قراقرم ،استور ،سکردو،غذر اور شاہراہ ہنزہ نگر سمیت مختلف مقامات سے بند ہو گئی ہے۔شدید بارشوں کے باعث محکمہ صحت نے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کرتے ہوئے تمام ایم ایس اور ڈی ایچ او کو تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیان منسوخ کرنے اور ایمر جنسی اوقات کے لئے آن کال رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر استور رحمان شاہ نے انتظامیہ کے ہمراہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین مین این ڈی ایم اے کی جانب سے ٹینٹ اورکھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔