خبرنامہ گلگت

استور،شونٹر پاس کی فزیبلٹی رپورٹ مکمل؛ فرمان علی

استور : (ملت+اے پی پی) صوبائی وزیر بلدیات رانا فرمان علی نے کہا ہے کہ شونٹر پاس کی فزیبلٹی رپورٹ مکمل ہو چکی ہے جس پر جلد کام کاآغاز ہو گا ،شونٹر پاس کی تعمیر سے گلگت بلتستان کی تقدیر بدل جائے گی ، شونٹر پاس وفاق سے ملانے کے لئے سب سے قریب اور آرام دہ روڈ ہے اس پر صوبائی حکومت کے ساتھ وفاقی حکومت بھی بھرپور تعاون کر رہی ہے ۔اے پی پی سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں تمام التواء کے شکار پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے، خاص طور پر استور میں نئے اور پرانے بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ،زائپور پاور پراجیکٹ ،بلشبر پاور پراجیکٹ کے ساتھ ساتھ میر ملک پاور پراجیکٹ جو کئی سالوں سے التواء کا شکار رہے ان کو جلد مکمل کیا جائے گا اور ایک سال کے اندر استور کے جن علاقوں میں بجلی کی کمی ہے اسے پورا کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے جائیں گے ۔