خبرنامہ گلگت

استور،گلگت بلتستان میں شدید بارشوں سے نظام زندگی مفلوج

استور:(اے پی پی) گلگت بلتستان بھر میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔بارشوں کا سلسلہ گزشتہ 2 روز سے بغیر کسی وقفے کے جاری ہے، جس کے باعث ضلع استور کے بالائی علاقوں کا استور مین شہر سے رابطہ منقطع اوربجلی اور مواصلاتی نظام مکمل طورپر درھم برھم ہو کر رہ گیا ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے باعث ضلع استور کی تمام رابطہ سڑکوں سمیت شاہراہ استور ،قراقرم ، گلگت اور شاہراہ سکردومختلف مقامات پر بلاک ہو گئی ہیں ۔اس وقت ضلع استور کے بالائی علاقوں میں 2 فٹ سے زائدبرف پڑ چکی ہے ۔واضح رہے کہ شدید بارشوں کے باعث تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں ۔محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق مزید 12 گھنٹوں تک گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے ۔