خبرنامہ گلگت

استور:خوشحالی کی راہ پرگامزن کریں گے: اقبال

استور:(اے پی پی) گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت یورپی یونین کے تعاون سے گلگت بلتستان کو مستقبل میں دبئی بنا دے گی ۔سلطان آباد میں بہت جلد ترقیاتی کاموں کا جال بچھا کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلطان آباد کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت نے اپنے دور اقتدار کے دوران خطے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں ۔عوام کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹس کے لئے 28 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اوربہت جلداس منصوبے کی تکمیل سے دینور،محمد آباد ،اور سلطان آباد کے عوام مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے حلقہ 3 میں گرلز کالج کے قیام کے لئے 4 کروڑ روپے ،واٹر چینل کے لئے 20 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں ۔ملاقات کے دوران وفد نے صوبائی وزیر کو علاقے کے مسائل بارے آگاہ کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔