خبرنامہ گلگت

استورکی تعمیروترقی کےحوالےسےسنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، برکت جمیل

استور:(اے پی پی) پارلیمانی سیکرٹری سیاحت گلگت بلتستان برکت جمیل نے کہا ہے کہ ن لیگ کی صوبائی حکومت گلگت بلتستان خاص کر استور کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ،حکومت نے قلیل مدت میں علاقے کی تعمیرو ترقی کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں ،جن میں روڈ انفراسٹرکچر ،صحت عامہ اور تعلیم کے شعبوں میں بہتر اصلاحات لائی جا رہی ہیں ،اس حوالے سے ضلع استور میں2ماڈل سکول کا قیام ،تھیلچی سے استور تک روڈ کی کشادگی اور ضلعی ہیڈکوارٹر میں 15کروڑ کی لاگت سے سیوریج سسٹم کو بہتر بناناشامل ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ استور کے موقع پر مختلف اداروں کے سربراہان ،عوامی وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ضلع استور میں سرجن ڈاکٹروں کی تعیناتی جلد از جلد یقینی بنائی جائے گی ،انہوں نے مزید کہا کہ استور ایک پسماندہ حیثیت کا حامل خطہ ہے ،جس کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اور تمام رابطہ پلوں کی مرمت کو یقینی بنایا جائے گا۔