خبرنامہ گلگت

انسپکٹرجنرل پولیس گلگت بلتستان سیکیورٹی کےحوالےسےاہم اجلاس

گلگت: (اے پی پی) سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ظفر اقبال اعوان کی صدارت تانگیر کے ضمنی الیکشن کے دوران سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا ۔اجلاس میں ایس ایس پی دیامر شعیب نے مورخہ17جولائی کو تانگیر میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے کئے گئے حفاظتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران تقریباً500پولیس اہلکارپرامن ،شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کے انعقاد کیلئے فرائض سرانجام دیں گے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے 26پولنگ سٹیشنز پر مرد اور خواتین پولیس اہلکار تعینات ہوں گے الیکشن کے میٹریل اور عملہ کو باحفاظت لانے اور لے جانے کیلئے پولیس کے دستے تعینات ہوں گے ہیڈکوارٹر سے اضافی نفری بھی دیدی گئی ہے تمام ٹیمیں الیکشن کے روز الرٹ کردی گئی ہیں کیو آر ایف ، ایلیٹ فورس اور بم ڈسپوزل اسکوا ڈ بھی اس روز الرٹ کردی گئی ہے، بریفنگ کے اختتام پر آئی جی پی نے کہا کہ جی بی پولیس الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی الیکشن میں گڑبڑ کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ الیکشن جیتنے کی صورت میں ہوائی فائرنگ اور ریلیوں پر پابندی ہوگی آؤٹ سائیڈرز کو الیکشن کے روز دیامر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی ۔اے آئی جی سپیشل برانچ پل پل کی رپورٹ سی پی او کنٹرول روم سے شیئر کرے گا پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔پولیس سربراہ نے کہا کہ الیکشن سے پہلے اور بعد میں کے کے ایچ او ربابوسر روڈ پر سیکیورٹی بڑھا دی جائے گی اور نالہ جات میں بھی خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایس پی دیامر مقامی انتظامیہ سے مل کر ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں سے ملاقات کریں اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ہیڈکوارٹر تمام ممکنہ وسائل کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ آئی جی پی نے آخر میں الیکشن ڈیوٹیز پر معمور پولیس اہلکاروں اور آفیسروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے 2015ء کے الیکشن کو پرامن بنانے میں کردار ادا کیا ہے بالکل اسی طرح اس ضمنی الیکشن کے پرامن انعقاد کو بھی یقینی بنائیں، اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر انعام الرحمن ملک، ایس ایس پی دیامرشعیب، اے آئی جی سپیشل برانچ مرزا حسن، اے آئی جی آپریشن محمد جمیل، کمانڈنٹ ریزرو سلطان فیصل، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ میر طفیل ،ایس ایس پی عبدالرحیم اور دیگر متعلقہ آفیسران نے شرکت کی۔