خبرنامہ گلگت

ایل پی جی کی گھروں تک فراہمی کیلئے فزبیلٹی مکمل ہوچکی ہے،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت۔: (اے پی پی) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ائیر مکس کے ذریعے ایل پی جی کی گھروں تک فراہمی کیلئے فزبیلٹی مکمل ہوچکی ہے جس کے مطابق اس منصوبے کو انتہائی کامیا ب قرار دیا گیا ہے، ائیر مکس منصوبے کے آغاز سے گلگت بلتستان میں نئے دور کا آغاز ہوگا، متبادل ذرائع کے فراہمی سے جنگلات کے کٹاؤکی روک تھام میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس سے قبل مری اور بلوچستان میں عوام کو ائیرمکس کے ذریعے ایل پی جی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز کواس منصوبے کیلئے درکار زمین کی فوری نشاندہی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ قائد عوام و وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر تعمیر وترقی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے منصوبوں پر جنگی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔ سکردو میں پلاننگ کمیشن کے تحت3 روزہ کانفرنس اسی سلسلے کی کڑی ہے نیشنل اور ریجنل گرڈ کے قیام کیلئے وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر عمل درآمد کیاجارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے محکمہ گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ادارے کی کارکردگی اور منصوبوں بارے دی جانے والی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ پلاننگ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلان کے پی سی1کی جلد متعلقہ فورم سے منظوری کو یقینی بنائیں۔گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹیجی ڈی اے کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہداء یادگار کی شایان شان طریقے سے تعمیر کو جلد یقینی بنایا جائے۔ اس منصوبے کیلئے حکومت درکار وسائل فراہم کریگی۔