خبرنامہ گلگت

بجٹ کا لیپس ہونا ممکن نہیں،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت:(اے پی پی) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا ہے کہ صوبے کا اپنا اکاوئنٹ موجود ہے اور30جون کے بعد استعمال نہ ہونے والی رقم صوبے کے اپنے اکاؤنٹ میں چلی جائیگی۔ صوبے کے الگ اکاؤنٹ بنے کے بعد بجٹ کا لیپس ہونا ممکن نہیں یہ تاثر غلط ہے کہ بجٹ لیپس ہوگا۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی کوششوں کی وجہ سے گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ کی پہلی قسط جولائی میں ہی صوبے کو منتقل کی جاتی ہے۔ آبادی اور چھوٹے یونٹس کی وجہ سے گلگت بلتستان کو ایک مثالی صوبہ بنایا جاسکتا ہے ۔ ماضی میں صرف7کروڈ صوبے میں ادویات کی خریداری کیلئے مختص کیے جاتے رہے ہیں لیکن ہماری حکومت کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے آئندہ مالی سال سے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی کیلئے مفت ادویات فراہم کی جائینگی۔ صحت، تعلیم، روڈ انفراسٹریکچر ، سیاحت اور توانائی کے شعبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔پی ایس ڈی پی میں گلگت بلتستان کیلئے72بلین کے منصوبے منظور ہو چکے ہیں۔