خبرنامہ گلگت

بلاسود زرعی قرضوں کے حصول کے لیے 15نومبر تک درخواستیں جمع کرانے کی ہدایت

راولپنڈی۔10نومبر (ملت + اے پی پی) وزیر اعلی پنجاب کسان پیکج کے تحت 80 ارب روپے کے بلاسود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے تحت کاشتکاروں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ15 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ رجسٹریشن کرانے کیلئے کاشتکار وں کو روزانہ دوپہر 01:00 بجے تا شام 05:00 بجے تک زرعی اراضی سنٹرز سے رجوع کی ہدایت کی گئی ہے ۔ تحصیل راولپنڈی کے اراضی ریکارڈ سنٹر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک محمد وسیم کے مطابق زرعی اراضی سنٹر پر آنے والے کاشتکاروں کی رجسٹریشن ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہے اور انہیں ہر قسم کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔ مقرر کردہ ٹیموں کے ذریعے رجسٹریشن کے عمل کی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ بلا سود قرضوں کے پروگرام کے تحت ساڑھے 12 ایکڑ اراضی رکھنے والے مالکان، مزارعین اور ٹھیکیدار کاشتکاروں کو 5 ایکڑ اراضی کے لئے قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ربیع سیزن کیلئے 25 ہزار روپے فی ایکڑ جبکہ خریف سیزن کیلئے 40 ہزار روپے فی ایکڑ قرضہ دیا جائے گا۔ مزارعین اور ٹھیکیدار مالک اراضی کی اجازت سے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ ان قرضوں کی رقم سے کاشتکار اپنی فصل کیلئے زرعی مداخل خرید سکتے ہیں اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ کسانوں کی سہولت کیلئے قرضہ کی واپسی اقساط میں رکھی گئی ہے۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس پروگرام کے ذریعے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں اور جلد اپنی رجسٹریشن کروائیں۔