خبرنامہ گلگت

بھارتی فوج کےمظالم کی مذمت:برجیس

اسلام آباد :(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کپواڑہ میں بھارتی فو ج کے ہاتھوں پانچ کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں اور مظالم سے کشمیری عوام کی آواز کو نہیں دبا سکتا اور اسے بالآخر کشمیریوں کو ان کا استصواب رائے کا حق دینا پڑے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا بازار بند کرے ، انہوں نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی تنظمیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی مظالم کا فوری طور پرنوٹس لیں اوربھارت کو بے گنا ہ کشمیریوں کی جانوں سے کھیلنے سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر کے مسئلے پر پچھلے 67 سالوں سے ٹال مٹول اور ہٹ دھرمی سے کام لے رہا ہے جس کی وجہ سے پوری جنوبی ایشیاء کا امن خطرے میں ہے۔ چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور ایسے میں کشمیر جیسے تصفیہ طلب مسئلے کا حل نہ نکلنا کسی خطرے سے کم نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر نیو کلیرفلیش پوائنٹ بن چکا ہے اور اس پورے خطے کی خوشحالی اور امن کا دارومدار کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پچھلے 67 سال سے کشمیر پر قبضہ جمانے کیلئے نت نئے حربے اختیار کر رہا ہے ۔ایک طرف کشمیری عوام کی نسل کشی کی جارہی ہے اور دوسر ی طرف اسرائیلی طرز پر ہندوؤں کی آبادکاریوں اور فوجی کالونیوں میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے تمام مذموم مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے اور تحریک آزادی پہلے سے بھی زیادہ تیزی اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آئے دن پر امن مظاہروں میں پاکستانی پرچم کا لہرایا جانا کشمیری عوام کا پاکستان سے محبت و عقیدت کا کھلا اظہار ہے ۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے حقوق کی خاطر اپنی تمام تر سفارتی، اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھے گا اور دُنیا کے تمام اہم فورمزپر مسئلہ کشمیر کو پرُ زور طریقے سے اُٹھاتا رہے گا۔