خبرنامہ گلگت

بھارت اپنے مذ موم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتا ‘اقبال حسن

گلگت: (ملت+اے پی پی) صوبائی وزیر اطلاعات،ترقیات ومنصوبہ بندی گلگت بلتستان اقبال حسن نے بھارتی افواج کی کنٹرول لائن اور آزاد کشمیر میں بلا اشتعال فائرنگ سے نہتے شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر انہتائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتا اور پاکستان کی امن دوستی کی پالیسی کواس کی کمزوری نہیں سمجھنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کی بالا دستی چاہتا ہے تاہم ایسی اشتعال انگیز کارروائیوں کا پاکستان منہ توڑ جواب دے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کا ہر جوان دفاع وطن کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے کے لئے تیار ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کا عزم ہرگز متزلزل نہیں ہوگا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ مودی سرکار اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے انسانیت سوز کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام متحد اور سیسہ پلائی دیوار ہیں اور وہ پاک فوج کے ساتھ وطن کے دفاع کیلئے کھڑے ہیں اور کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔