خبرنامہ گلگت

بھارت کوکشمیری عوام پرمظالم کا جواب دینا ہوگا‘برجیس طاہر

سانگلہ ہل (آئی این پی) گورنر گلگت بلتستان و وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے سانگلہ ہل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیر میں لشکر کشی اور عوام پر ظلم وجبر کا جواب دینا ہوگا ،مودی کے بیان کی ،کشمیر اور بلوچستان کے علاوہ پورے پاکستان کی عوام نے سخت مذمت کی ہے ۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ نرنیدرمودی کا بیان سفارتی آداب کے خلاف ہے اور اُن کے اس بیان سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور بدامنی کرا رہا ہے۔اب بین الاقوامی برادری کومزید ثبوت ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کے عمل میں ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی دخل اندازی برداشت نہیں کرے گی ۔مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکارہے اور وہ مقبوضہ کشمیر کی المناک صورت حال سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔دُنیا اب اس حقیقت کو جان چکی ہے کہ ہندوستان کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور بے گنا ہ لوگوں کا قتل کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مودی جان لے کہ مسئلہ کشمیر گولیوں سے حل نہیں ہو سکتا اس کے لیے بھارت کو مثبت سوچ کے ساتھ پاکستان سے برابری کی سطح پر مذاکرات کرنے پڑیں گے ۔انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کا آزادکشمیر کے حوالے سے بیان اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہے جس کا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کوئی اور اس کا دعوی نہیں کر سکتا ۔ہمارے اس موقف کی تصدیق کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی موجودگی میں کشمیر میںآزادانہ استصواب رائے کرائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ دُشمن پاکستان میں دہشت اور بدامنی کروا کر پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبے کو ناکام بنا دینا چاہتے ہیں لیکن میں دُشمنوں کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم دُشمن کے سامنے سیہ پلائی کی دیوار بن کر کھڑی ہو گی اور اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائی گی کیونکہ اس منصوبے سے ہماری نسلوں کی ترقی وابستہ ہے۔بھارت اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے یہ تمام دہشت گردی کرا رہا ہے لیکن ہمیں اپنے سیکیورٹی اداروں اور فورسزپر فخر ہے کہ وہ دُشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔