خبرنامہ گلگت

تمام سیلاب متاثرین کونہ صرف امداد فراہم کی بلکہ ان کی بحالی بھی ممکن بنائی: اقبال

استور:(اے پی پی) گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر تعمیرات عامہ ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا ہے کہ تمام سیلاب متاثرین کونہ صرف امداد فراہم کی گئی ہے بلکہ ان کی بحالی بھی ممکن بنائی جارہی ہے ۔میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زریعے امدادی سامان تقسیم کیا گیا ہے اور اپنے کارکنان میں امدادی سامان تقسیم کرنے کا الزام بلکل بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے ۔انہوں نے کہا کہ گیاری ہو یا عطاء آباد زلزلہ ہو یا سیلاب ،مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ اور سب سے پہلے متاثرین کی امداد کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام وزراء اپنے معاملات میں با اختیار ہیں ،میرٹ کی پامالی کو روک کر مافیا کے راستے بند کر دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی منتخب کردہ ہے اور وہ صرف عوامی عدالت میں جوابدہ ہے۔