خبرنامہ گلگت

حکومت تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے ،وزیر اعلی گلگت بلتستان

گلگت۔ 10 نومبر (ملت + اے پی پی) علاقے اور قوم کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے میرٹ پر کام کررہے ہیں حکومت تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے پرعزم ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔سیاحت کو فروغ دینے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ نیٹکو اور پی ٹی ڈی سی کے مابین سیاحت کے فروغ کیلئے معاہدہ انتہائی خوش آئند اقدام ہے اس معاہدے کو عملی جامعہ پہنایا جائے گا جس کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے ہیں جس کے تحت نیٹکو کی مسافر گاڑیاں پی ٹی ڈی سی ہوٹلز پر رکیں گی تاکہ معیاری اور رعایتی قیمت پر مسافروں اور سیاحوں کو کھانے پینے کے سہولیات فراہم ہوسکیں۔سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے نیٹکو سفری سہولیات فراہم کرے گا جس کیلئے نیٹکو میں الگ یونٹ قائم کیاجا رہا ہے جو پی ٹی ڈی سی کے باہمی اشتراک سے کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ گلگت اور سنکیانگ حکومت کے مابین پروٹوکول معاہدے کو نئے تناظر پر نظرثانی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے چائینز حکومت سے بات چیت کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پیک ٹرانسپورٹ فلیٹ میں نیٹکو کو شامل کرنے کیلئے بات چیت کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہاروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری غفور اور ایم ڈی نیٹکو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف نے 1992ء میں گلگت میں پی ٹی ڈی سی کے نظام کومتعارف کرایاجس کی وجہ سے پاکستان کے دور دراز مقامات خصوصاً گلگت بلتستان میں ہوٹل انڈسٹری اور سیاحتی شعبے کو فروغ ملا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو پرائیوٹائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ایک شفاف نظام کے تحت اخبارات میں اشتہار دیا جائے گا تاکہ اس شعبے میں تجربہ رکھنے والے نجکاری کے عمل میں شریک ہوں گے جس کیلئے ہاشو فاؤنڈیشن نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔