خبرنامہ گلگت

حکومت سیاحوں کی سہولیات کے لیے بھرپوراقدامات کررہی ہے:حفیظ الرحمن

وزیراعلیٰ گلگت: (اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے 22 مختلف مقامات پر ٹینٹ ویلیجز بنائے گئے ہیں سرکاری سکولوں میں چھٹیاں ہیں اس لیے ہدایت کی ہے کہ سرکاری سکولوں کو سیاحوں کے لیے کھولا جائے۔ نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے مستقل امن ہوا ہے جس کی وجہ سے اب تک ڈھائی لاکھ سیاح صوبے میں آتے ہیں چائنہ حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان حکومت کو دی جانے والی گاڑیوں کو شاہراہ قراقرم کے تحفظ کے لیے سی پیک پیڑولنگ پولیس کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہماری دلچسپی ہے کہ صوبے کا روڈ انفراسٹریکچر بہتر بنائیں جس پر کام کیا جارہا ہے تا کہ سیاحوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کیے جائیں تمام ویلی شاہراہوں کی توسیع و مرمت کا کام بھی کیا جارہا ہے ۔ صوبے میں سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہوٹل انڈسٹری کو فروغ دیا جائیگا صوبے کے تمام سرکاری ریسٹ ہاوسز کو سالانہ بنیادوں پر نجکاری کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جلد عملدرآمد کرایا جائیگا۔ بلتر میں ائیر فورس کی جانب سے چیئر لفٹ لگا ئی گئی صوبائی حکومت رکاپوشی ، استور راما اور سدپارہ تا دیوسائی کے مقامات پر 3چیئرلفٹ نصب کریگی جس کے لیے بجٹ میں رقم بھی مختص کی گئی ہے ۔ گلگت سکردو روڈ کی تعمیر و توسیع پر بھی جلدکا م کا آغاز ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں خصو صی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ عوامی نوعیت کے میگا منصوبوں کی تعمیر کے لیے بھرپور مالی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں ۔ گلگت بلتستان میں پاک چائنہ اکنامک کوریڈور سے ترقی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ چائنہ کے سیاح گلگت بلتستان میں سیاحت کے لیے آنے میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت سے ویزہ آن ایرائیول کی سفارش کی ہے، ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے پاکستان کے نامور کالم نگار ، ناول نگار، کمپیئر اور مشہور سفر نامے تحریر کرنے والی شخصیت مستنصرحسین تارڈکے ہمراہ آنے والے ادیبوں اور سیاحوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات اور ثقافت کو اجاگر کرنے میں مستنصر حسین تارڈ کی تحریروں نے نمایاں کردار ادا کیا ہے جسکی وجہ سے گلگت بلتستان کے عوام میں اس کی مقبولیت ہے، وزیراعلیٰ نے مستنصر حسین تارڈ کو روائتی ٹوپی پہنائی اور ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تعریفی سند دی۔انہوں نے کہا کہ انرجی سیکٹرمیں کئی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جنگلات کے تحفظ کے لئے متبادل توانائی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے سوئی ناردرن کاابتدائی سروے مکمل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مستنصر حسین تارڈ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع مواقع ہیں گلگت بلتستان اور یہاں کی عوام سے محبت کا رشتہ ہے یہاں کی ثقافت اور سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنے کے لیے آئندہ بھی اپنی تحریروں کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرینگے ۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے حوالے سے لکھے گئے15 کتابوں کے مجموعے کو وزیر اعلیٰ کو پیش کیا۔