خبرنامہ گلگت

حکومت نےتمام تعصبات کا قلع قمع کیا ہے: فیض اللہ فراق

گلگت: (اے پی پی)صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہر قسم کی تعصبات کے خاتمہ کا تہیہ کئے ہوئے ہیں حتیٰ کہ مسلم لیگ ن کے قائدین نے تعصبات کی خاتمے کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا تمام وفاقی اور صوبائی افسران ایک مکمل ٹیم ہیں۔ ملک کے تمام صوبوں سے افسران گلگت بلتستان اپنی خدمات سرانجام دینے آتے ہیں جومکمل مستعدی کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تمام افسران ریاست کے ملازم ہیں چاہے وہ مقامی ہوں یا غیر مقامی وہ سب جانفشانی کے ساتھ ریاستی امور سرانجام دے رہے ہیں اور اپنی استعداد کے مطابق عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔ جس پر حکومت تمام سرکاری افسران کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تمام تعصبات کا قلع قمع کیا ہے اور صرف ملک کا مفاد عزیز رکھا ہے تو ایسے میں مقامی اور غیر مقامی تعصب کو حکومت کے کسی وزیر سے منسوب کرنا بالکل حقیقت کے منافی اور ذاتی خواہشات کا اظہار ہے۔صوبائی ترجمان نے کہا کہ تمام سرکاری افسران ریاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔