خبرنامہ گلگت

حکومت گلگت بلتستان کو مستقبل میں دبئی بنا دے گی، ڈاکٹرمحمد اقبال

استور:(اے پی پی) صوبائی وزیر تعمیرات عامہ گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت یورپی یونین کے تعاون سے گلگت بلتستان کو مستقبل میں دبئی بنا دے گی،سلطان آباد کے عوام نے مشکل وقت میں مسلم لیگ ن کو بھاری مینڈیٹ دیئے ہیں بہت جلد سلطان آباد میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا کر عوام کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سلطان آباد کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی صوبائی حکومت نے قلیل مدت میں خطے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے اقدامات کئے ہیں ،عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے فلٹریشن پلانٹس کے لئے28کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ،بہت جلداس پراجیکٹ کی تکمیل سے دینور،محمد آباد اور سلطان آباد کے عوام مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ صو بائی حکومت نے حلقہ 3میں گرلز کالج کے لئے 4کروڑ روپے ،واٹر چینل کے لئے20لاکھ روپے مختص کئے ہیں ۔بعد ازاں وفد نے صوبائی وزیر کو علاقے کے مسائل بارے آگاہ کیا جس پرصوبائی وزیر نے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔