خبرنامہ گلگت

دو یونیورسٹیوں کے درمیان سمجھوتے پر دستخط

گلگت (ملت + اے پی پی) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف کاشغر چائنا کے مابین باہمی سمجھوتے پر دستخط ہوگئے۔ سمجھوتے پر دستخط کاشغر پورٹ منیجمنٹ کمیٹی آف سنکیانگ چائنا کے 11رکنی وفد کے دورہ کے آئی یوکے موقع پر ہوئے۔ وفد کی قیادت کاشغر پورٹ کے ڈائریکٹر جنرل تیانگ گوہا کررہے تھے۔ وفد کے کے آئی یوپہنچنے پر یونیورسٹی انتطامیہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ معاہدے کی تقریب میں چائنا کی طرف سے کاشغر پورٹ منیجمنٹ کمیٹی آف سنکیانگ چائنا کے اراکین، کاشغر یونیورسٹی چائینز لنگوئجز انسٹیٹیوٹ کی ڈین لیو ویو مینگ ، فارن افیئرز آفس کاشغر پروجیکٹ سنکیانگ کے ڈائریکٹر عسکر ترسنگ ، کے علاوہ کاشغر کے مختلف سرکاری محکموں کے ذمہ دارموجود تھے جبکہ کے آئی یوکی جانب سے ایکٹنگ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عارف النساء نقوی، رجسٹرار عبدالحمید لون، ڈائریکٹر جنرل کوآرڈینیشن شاہد علی، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سیکیورٹی کریم خان، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز ڈاکٹر محمد شاہنواز، پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ،پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد، ڈائریکٹر سیکیورٹی میجر ( ر) الطاف حسین، ایڈیشنل ڈائریکٹر اکیڈمکس غلام الدین و دیگر شریک ہوئے۔ رجسٹرار عبدالحمید لون اور ایڈیشنل ڈائریکٹر غلام الدین نیکے آئی یوکے بارے وفد کو بریفنگ دی۔ انہوں نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ کے آئی یودونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط و مربوط بنانے کیلئے کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔اس وقت کے آئی یومیں چینی ماہرین تعلیم کے زیرنگرانی چینی زبان پر ڈپلومہ کورسز چل رہا ہے۔ یونیورسٹی میں کنفیوشیس انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ بہت جلد اس میں کلاسز کا آغاز ہوگا۔ مزید شعبوں میں بھی کام کیلئے چائنا کے مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہیں۔ کاشغر یونیورسٹی چائینز لنگوئجز انسٹیٹیوٹ کی ڈین لیو ویو مینگ نے کاشغر یونیورسٹی کے بارے میں اپنی بریفنگ میں بتایاکہ کاشغر یونیورسٹی ایک نوزائیدہ یونیورسٹی ہے۔ جہاں 40کے قریب مختلف مضامین پڑھائے جاتے ہیں اور 12000طلباء زیرتعلیم ہیں۔ بریفنگ کے آخر میں دونوں جامعات کے مابین تعلیم اور ایکسچینج پروگرام کے شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے کیلئے باقاعدہ باہمی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ کے آئی یوکی جانب سے ایکٹنگ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عارف النساء نقوی اور کاشغر یونیورسٹی کی جانب سے کاشغر یونیورسٹی چائینز لنگوئجز انسٹیٹیوٹ کی ڈین لیو ویو مینگ نے دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت کے دونوں جامعات کے مابین سٹاف، ریسرچرز اور طلباء کا ایک دوسرے کی یونیورسٹی میں ریسرچ ، نصابی تدوین اور دوسرے تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے علاوہ تحقیقی مقالوں اور سکالرز کے تبادلے شامل ہیں۔ معاہدے کا دورانیہ 3 سال پر محیط ہوگا۔