خبرنامہ گلگت

رواں سال40فیصد اضافی سیاحوں نےگلگت بلتستان کےسیاحتی مقامات کا رخ کیا

گلگت بلتستان (اے پی پی)گلگت بلتستان میں رواں سال کے پہلے 8ماہ کے دوران 10لاکھ سے زائد ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کیا جو کہ گذشتہ سال کی نسبت 40فیصد اضافی ہیں ۔وفاقی وزیر امور کشمیر ‘گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے جمعہ کو قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کر تے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے حوالے سے بہت سے خوبصورت اور دلکش مناظر ہیں یہاں پر خوبصورت پہاڑ دنیا کی 9بلند ترین پہاڑیوں میں شامل ہیں، اسی لئے گلگت بلتستان بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتا ہے ۔انہوں کہا کہ سیاحتی پالیسی میں بہتری اور گلگت بلتستان سکردو روڈ کی اپ گریڈیشن سمیت سیاحت کے فروغ کیلئے دیگر سہولیات فراہم کیں جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال کی وجہ سے رواں سال گذشتہ سال کی نسبت40فیصد اضافی سیاحوں نے گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں وفاقی‘ صوبائی حکومتوں اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے مقامی سطح پر فسیٹیول اور میلوں کا کا انعقاد کیا جائے اس سے پاکستان میں سیاحت کی صنعت کے فروغ‘ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو ان مقامات کی طرف راغب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ ریشم کو سینٹرل ایشیاء اور دنیا سے منسلک کیا جارہا ہے‘ گلکت بلتستان کی نوجوان نسل کیلئے یہ موقع ہے کہ گلگت بلتستان کے کلچر کے ساتھ ساتھ علاقائی سطح پر سیاحت کو بھی فروغ دیں جس سے مقامی نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا میں مدد ملے گی اور علاقائی تعمیر و ترقی کی منزل بھی حاصل ہوسکے گی ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہت بہتر بنا دیا گیا ہے تا کہ یہاں آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاح آزادی سے سیر و تفریح کر سکیں۔گلگت بلتستان کی حکومت بھی علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اس حوالے سے ٹھو س اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔جس کی وجہ سے گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کو بھی فروغ مل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کیمپنگ کیلئے 20مقامات کو مختص کیا گیا ہے جہاں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔