خبرنامہ گلگت

سی پیک منصوبہ سیملک میں تر قی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، مرتضیٰ جاوید عباسی

ایبٹ آباد۔ 22 اکتوبر (ملت + اے پی پی) قائم مقام سپیکرمرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ ملکی تر قی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کی تکمیل سے ملک میں تر قی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، یہ منصوبہ جھاری کس سے داسو تک ہزارہ ڈویژن سے گزرے گا۔ہفتہ کو یہاں ایبٹ آباد میں نجی سکول کی تقریب میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن مسلم لیگ ن کا گڑھ ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ بابا حیدر زمان ایک بزرگ سیاست دان ہے اور سب ان کا احترام کرتے ہیں۔ وزیر اعلی کی طر ف سے ان کی کردار کشی سمجھ سے بالا تر ہے ۔انہوں نے کہا کہ 3سال قبل وزیر اعلی نے ایبٹ آباد کے نواحی علاقے میں اپنے جلسے میں 2کڑور مقامی روڈز، ایک کڑور واٹر سپلائی سکیموں ،ایک بی ایچ یوبنانے اور بگنوتر سے نتھیا گلی براستہ نملی میرا کے لیے 30کڑور روپوں کا اعلان کیا تھا لیکن اب تک اس میں صرف2 کڑور روپے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے حالیہ اعلانات بھی ہوائی فائر ثابت ہونگے ۔