خبرنامہ گلگت

شہر میں بجلی کی ترسیل اور بہتر ہو جائے گی،اقبال حسن

استور: (ملت+اے پی پی) صوبائی وزیر اطلاعات اقبال حسن نے کہا ہے کہ نلتر میں پاور پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے پہلے تکمیل سے یہ واضح ہو جاناچاہئے کہ حکومت جی بی کے تمام منصوبوں کو مقررہ وقت اور بجٹ کے اندر رہ کر ہی مکمل کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ نلتر پاور پراجیکٹ سے گلگت شہر میں بجلی کی ترسیل اور بہتر ہو جائے گی ۔وزیر اعلی گلگت بلتستان نے ایک اور معیاری منصوبہ اپنے دور میں ہی مکمل کرا کے اس بات کا واضح اشارہ دے دیا ہے کہ مخالفت اور بیانات کی سیاست کی بجائے مسلم لیگ ن تعمیری و مثبت کاموں کو فوقیت دیتی ہے ۔پھنڈر پاور پراجیکٹ کے علاوہ کے آئی یو پاورپراجیکٹ کی تکمیل سے مقامی ضروریات سے بڑھ کر بجلی پیدا ہو گی جس سے صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار کی جاسکے گی،حکومت کی کوشش ہے کہ آنے والے دنوں میں صوبے میں توانائی کی ضروریات کو پورا کیاجا سکے تاکہ نئے شعبوں میں سرمایہ کاری کو ممکن بنایا جا سکے۔صوبائی سطح پر مقامی صنعتوں کے علاوہ ہوٹلز اور دیگر شعبہ جات کے لئے بھی بجلی کی اشد ضرورت ہے اور انرجی سیکٹر کو نئی اور جدید طرز پر استوار کرنے سے ہم آنے والے وقت کے چیلنجز سے نبردآزما ہو سکیں گے۔