خبرنامہ گلگت

صوبائی حکومت گلگت بلتستان نے واپڈا سے سد پارہ ڈیم کے آپریشن اور مرمت کے لئے معاملات طےکرلئے

گلگت :(اے پی پی)گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے سکردو شہر کو باقاعدگی سے بجلی فراہم کرنے کے لئے واپڈا سے سدپارہ ڈیم کے آپریشن اور مرمت کے لئے معاملات طے کر لئے ہیں اور اس سلسلے میں حکومت اور واپڈا حکام کے مابین جلد تحریری معاہدہ کیا جائے گا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمن نے گزشتہ روز ہونے والے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ واٹر اینڈ پاور اور واپڈا کے درمیان ایک مربوط نظام کے تحت سدپارہ ڈیم کے معاملات چلانے کی منظوری دیتے ہوئے اعلی حکام سے کہا ہے کہ محکمہ برقیات اور واپڈا کے درمیان ایک تحریری معاہدہ ہوجس کے تحت سدپارہ ڈیم کے معاملات چلائے جائیں۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ڈیم کے آپریشن اور مینٹینس کے معاملات ایک مکمل معاہدے کے تحت ہونے چاہیں تاکہ سکردو شہر کو بجلی کی قلت سے نجات ملے اور لوڈشیڈنگ میں کمی آسکے۔ وزیر اعلی نے محکمہ مالیات کو 10 کروڑ کی رقم محکمہ برقیات کو فوری ریلیز کرنے کا بھی حکم دیا تاکہ اس محکمے کے اوپر جو بقایا جات ہیں ان کی ادائیگی ممکن ہو سکے۔محکمہ مالیات کی جانب سے ریلیز کی جانے والی رقم سے ملازمین کی تنخواہ اور مرمت کے معاملات طے کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے بجلی کے بلوں کی ریکوری میں تیزی لانے کے بھی احکامات دیئے ۔یاد رہے کہ سدپارہ ڈیم سے نہ صرف زرعی اراضی کو سیراب کیا جاتا ہے بلکہ بجلی بھی سکردو شہر کوفراہم کی جارہی ہے۔