خبرنامہ گلگت

صوبے میں ونٹر ٹوریزم کے فروغ کیلئے حکمت عملی بنائی جارہی ہے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

گلگت۔ 10 نومبر (ملت + اے پی پی) وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں ونٹر ٹوریزم کے فروغ کیلئے حکمت عملی بنائی جارہی ہے گلگت بلتستان میں ونٹر ٹوریزم کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔ نلتر کے سیاحتی مقام پر بین الاقوامی سطح کا سکی پوائنٹ اور چیئرلفٹ موجود ہیں وزیر اعظم پاکستان نے 3 ارب کی خطیر رقم سے گلگت نلتر روڈ کی منظوری دی ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومت کے اقدامات سے 3سال میں گلگت بلتستان سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے گا ۔عوام کو توانائی کے متبادل ذرائع فراہم کرنے کیلئے ایل پی جی ایئر مکس منصوبہ انقلابی اقدام ہے جس کیلئے 40کنال زمین مختص کی گئی ہے ہماری کوشش ہے کہ ڈیڑھ سال میں اس منصوبے کو عملی جامعہ پہنایا جائے گا۔ صوبے میں مکمل انفراسٹرکچر کیلئے گلگت، استور روڈ سمیت دیگر ویلی روڈز کی تعمیر و توسیع کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایت کے مطابق عطاء آباد کے مقام پر ٹوررسٹ ریزورٹ کا منصوبہ گلگت بلتستان ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی سے منظور کیا گیا ہے جس سے حتمی منظوری کیلئے فیڈل پی ایس ڈی پی میں شامل کیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ چھومک پل ڈیڑھ سال کی قلیل مد ت میں تعمیر کیاجائے گا اس پل کی تعمیر سے سکردو میں سرکاری دفاتر کی تعمیر کیلئے اراضی میسر آئے گی اور شگر تک متبادل اور آسان رسائی ممکن ہوسکے گی۔صوبائی حکومت نے کئی مرتبہ لینڈ ریفارمز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت زمینوں سے متعلق ریکارڈ کو محفوظ بنایاجاسکے گا۔ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھی صوبائی حکومت نے پالیسی تشکیل دی ہے۔ ہمارا مقصد قوم کو خود انحصاری کے راستے پر گامزن کرنا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ دنیا میں پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے سیاحتی شعبے کو فروغ دینا لازمی ہے غیر ملکی سیاحت کو فروغ دینے سے دنیا بھر میں پاکستان کے حقیقی اور مثبت تشخص کو اجاگر کیا جاسکے گا۔گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں جس کی وجہ سے قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کو لے کر آگے چل رہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان صوبے کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں جس کی وجہ سے (45)ارب کے منصوبے گلگت سکردو روڈ کا ٹینڈر ہوا ہے اس منصوبے کے ٹینڈرہونے سے مخالفین کے عوام کو گمراہ کرنے والا پروپیگنڈہ دفن ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہاروزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری غفور اور ایم ڈی نیٹکو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔