خبرنامہ گلگت

عوامی مسائل کے حل کے لئے احکامات جاری کر دیئے ہیں، اقبال حسن

گلگت: (ملت+اے پی پی) صوبائی وزیر اطلاعات منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں پہلی باردور دراز کے علاقوں میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،تمام وزراء اپنے اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنرز سمیت تمام ذمہ داران کو عوام کے مسائل کے حل کے لیئے اقدامات کرنے کے لیے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام ڈویژنزمیں سرکاری ادارے مکمل فعال ہیں اور نئے اضلاع کے قیام کے بعد ان علاقوں میں سرکاری حکام کی تعیناتی کے مراحل طے ہوچکے ہیں،کھرمنگ اور شگر سمیت تمام نئے اضلاع میں عوام کو اپنے گھر کی دہلیز پر ہی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے تمام تر پراپیگنڈے کے باوجود گلگت بلتستان کے لئے سی پیک میں حصہ رکھا جا چکا ہے جو کہ ایک تاریخی حقیقت ہے ، پاکستان کے باقی تمام صوبوں کی طرز پر گلگت بلتستان کو بھی ترقی اور قومی دھارے میں شامل کرنا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے آغاز کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیاں عروج پر ہیں، ہماری حکومت آنے کے بعد گلگت بلتستان امن کا گہوارا بن چکا ہے اورپاکستان کے تمام علاقوں کی نسبت گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے۔