خبرنامہ گلگت

عوام کے جان و مال کےتحفظ کی فراہمی ہماری بنیادی حکمت عملی ہے، ایس پی

استور:(اے پی پی) سپرنٹنڈنٹ پولیس ضلع استوراسحاق خان نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ، لوگوں کی خدمت اور انہیں پرامن ماحول فراہم کرنا ہماری بنیادی حکمت عملی ہے، پولیس کو عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائن استور میں پولیس اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے مسائل کا سامنا ہے اور ہمارے فوجی بہت بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ ضرور جیتیں گے۔انہوں نے پولیس فورس کو اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوئی بھی پولیس اہلکار فرائض میں غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے پولیس فورس کو مشکوک افراد پر نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ ایس پی نے کہا کہ استور شہر میں کسی بھی دہشت گردانہ سرگرمی کو روکنے کے لئے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام موثر بنایا جائے۔ بعدا زاں اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگوکے دوران ایس پی اسحاق خان نے کہا کہ ہمارے دروازے علاقے کے عوام کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں ۔