خبرنامہ گلگت

قدرتی آفت سے پیدا شدہ صورتحال پر قابو پالیا ہے، جعفراللہ خان

گلگت۔:(اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی جعفراللہ خان نے کہا ہے کہ قدرتی آفت سے پیدا شدہ صورتحال پر وفاق اور صوبائی حکومت نے بر وقت عملی اقدامات کرکے مسائل پر قابو پالیا ہے جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر C -130 کے ذریعے گندم کی سپلائی اور متاثرین کو امدادی ریلیف کی فراہمی کے ساتھ شاہراہ قراقرم اور گلگت بلتستان میں رابطہ سڑکوں کی بحالی اور متاثرہ بجلی گھروں کی بحالی کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔جلد گلگت شہر اور مضافاتی علاقوں کو بجلی کی فراہمی کے ساتھ شاہراہ قراقرم کی بحالی یقینی بنائی جائیگی ۔ حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت کی کوششوں سے گلگت بلتستان میں پھنسے ملکی و غیر ملکی باشندوں کو اسلام آباد پہنچانے کے لئے C-130کی سروس چلائی جارہی ہے ،انہوں نے کہا ہے کہ بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کا حکومت معاوضہ فراہم کریگی جس کے لئے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرکو تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کے حکومتی احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ۔جس کی روشنی میں متاثرین کو حکومتی پالیسی کے تحت مالی امداد فراہم کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے دیامر ،استور ،غذر سمیت تمام متاثرہ اضلاع میں بحالی کاکام اور متاثرین کے لئے امدادی ریلیف اور اشیاء ضروریہ پہنچانے کا عمل جاری ہے ۔