خبرنامہ گلگت

محکمہ جنگلات کا ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن

استور: (ملت+اے پی پی) محکمہ جنگلات نے ٹمبر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران سٹی بالا چکر کوٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی تعمیراتی لکڑی سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مزید 5 گاڑیاں قبضے میں لے لیں ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات کے آفیسر شاہ گل حیات اور دیگر عملے نے سٹی بالا چکروٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی تعمیراتی لکڑی گلگت سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مزید 5 گاڑیاں قبضے میں لے کر گرفتار ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔اس سلسلے میں محکمہ جنگلات کے آفیسر شاہ گل حیات نے میڈیا کوبتایا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے جنگلات کی کٹائی سمیت لکڑی سمگل کرنے پر بھی پابندی عائد ہے ،صوبائی وزیر جنگلات عمران وکیل کے حکم پرجنگلات کی کٹائی اور لکڑی سمگل کی روک تھام کے لئے جگہ جگہ چھاپے مارے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں گزشتہ ایک ہفتے میں لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی قبضے میں لے کر متعددملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے اورقانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔