خبرنامہ گلگت

نلترکے متاثرہ پاور ہاوس سے بجلی کی فراہمی آج شروع کی جائیگی:وزیراعلیٰ گلگت

گلگت:(اے پی پی) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ بدھ سے نلتر کے متاثرہ پاور ہاوس سے بجلی کی فراہمی شروع کی جائیگی۔ ابتدائی مرحلے میں 14 سے 18 گھنٹے شہر کو بجلی فراہم کی جائیگی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے پاور پالیسی بنائی جا رہی ہے تاکہ مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری برقیات کو ہدایت کی ہے کہ بلاتفریق تمام سپیشل لائنوں کا فوری خاتمہ کیا جائے ۔ بجلی بلوں کی حصولی یقینی بنائی جائے بجلی بلوں کے نادہندگان کے کیسز جلد از جلد FIA کو بھیجے جائیں تاکہ بلوں کی حصولی یقینی بنائی جاسکے۔ گلگت شہرمیں پاورکنزرویشن کمیٹیاں نہ بنانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے جلد از جلد پاور کنزرویشن کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی ہیں ۔ گلگت میں بجلی کے نظام میں بہتر ی اور بلوں کی باقاعدہ حصول یقینی بنانے کے لیے جن محلوں سے 70 فیصد بل جمع کرائے جا رہے ہوں ان علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی صورت میں 6 گھنٹے میں متبادل ٹرانسفارمر دیا فراہم کیا جائے گا۔ جن علاقوں سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی نہیں ہوتی ہے ان محلوں کے ٹرانسفارمز کے مرمت کی ذمہ داری محلے والوں کی ہوگی۔منگل کوایک اعلی سطحی اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ معاون خصوصی حاجی عابد علی بیگ ، فاروق میر ، سیکرٹری برقیات ، ڈپٹی کمشنر گلگت ، اسسٹنٹ کمشنر گلگت محلوں کے کنزرویشن کمیٹیوں کے ساتھ اجلاس کرینگے اور ان کو فعال بنائینگے ۔ شہر میں بجلی کے ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 12 بجلی کے نئے فیڈرز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے سیکر ٹری برقیات کو ہدایت کی ہے کہ محکمہ برقیات کے شکایات سیل کو فعال کیا جائے او ٹیلیفون نمبرز کو مختلف مقامات پر آویزاں کیا جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے خود مختلف شکایات سیل کے نمبر ز پر فون کرکے شکایات سیل میں سٹاف کی موجودگی کو چیک کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے حالیہ بارشوں کے بعد گلگت شہر کو بجلی کی فراہمی کے تعطل پر عوام سے معذر ت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں کسی قسم کی منصوبہ بندی نہ کرنے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ آئندہ کسی بھی صورت میں گلگت شہر میں بلیک آوٹ نہیں ہوگا متبادل ذریعہ سے بجلی فراہمی کے لیے اضافی تھرمل جنریٹرز خریدے جارہے ہیں تا کہ شہر کو متبادل ذرائعہ سے بجلی کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔