خبرنامہ گلگت

وزیراعظم کا دورہ سنگ میل ثابت ہوگا:ابراہیم ثنائی

گلگت :(اے پی پی) صوبائی وزیر اطلاعات گلگت بلتستان حاجی محمد ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کا دورہ خطے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا، یہ بات سب پر عیاں ہے کہ وفاقی حکومت اس علاقے کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ، پاک چین فائبر آپٹک منصوبہ سمیت دیگر میگا پراجیکٹس سے اس علاقے میں ترقی کے نئے باب شروع ہونگے اور بہت جلد اس کے ثمرات نہ صرف اس صوبے کی عوام کو ملنا شروع ہونگے بلکہ تمام پاکستانی عوام کے لئے ان منصوبوں کے فوائد نظر آنے لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ دونوں ممالک کے مابین عملی تعاون کا مظہر ہے اور اس منصوبے سے خطے میں دیرپا معاشی استحکام آئے گا۔