خبرنامہ گلگت

وزیراعظم کے گرانٹ اعلان پراظہار تشکر

گلگت:(اے پی پی) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی جانب سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کیلئے 20کروڑ روپے کی گرانٹ کے اعلان کے خیر مقدم کیلئے یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ اور منجمنٹ کا مشترکہ اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعلان کو وزیر اعظم کی علم دوستی کا مظہر قرار دیا اورتوقع ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس اعلان کو جلد عملی جامعہ پہنائیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی تحقیق و تدریس کے شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔یونیورسٹی میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی جارہی ہے۔ اس گرانٹ کے حصول سے یونیورسٹی میں نہ صرف تخلیق ،تحقیق و تدریسی سرگرمیوں کوفروغ ملے گا۔اس وقت یونیورسٹی میں صحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے سپورٹس سٹیڈیم اور طالباتکیلئے ہاسٹل کے قیام کی اشد ضرورت ہے ۔ اجلاس میں صوبائی حکومت بالخصوص وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔