خبرنامہ گلگت

پاکستان کےخطرناک پہاڑ’’اوگر 2‘‘کوسرکرنےکی کوشش میں دوامریکی کوہ پیما لاپتہ

اسکردو:(اے پی پی) پاکستان میں واقع ’’اوگر ٹو‘‘ نامی پہاڑی چوٹی سر کرنے کی کوشش کے دوران دو امریکی کوہ پیما اپنے ساتھیوں سمیت لاپتا ہوگئے ہیں۔ امریکی ریاست یوٹاہ سے تعلق رکھنے والے 2 کوہ پیما اسکاٹ ایڈمسن اور کائل ڈیمپسٹر گلگت بلتستان میں واقع دنیا کی خطرناک ترین پہاڑی چوٹیوں میں سے ایک ’’اوگر 2‘‘ سر کرنے پاکستان پہنچے تھے اس سلسلے میں وہ 25 جولائی کے روز اپنے گائیڈ عبدالغفور، باورچی شہزاد عالم اور مقامی مزدور کے ہمراہ اسکردو کے لئے روانہ ہوئے۔ منصوبے کے مطابق دونوں کوہ پیماؤں کو پانچ دنوں میں اوگر ٹو کی 6 ہزار 960 میٹر بلند چوٹی کو سر کرنا اور اگلے پانچ دنوں میں واپس اترنا تھا۔ اسکاٹ اور کائل نے اپنی ٹیم کے دیگر افراد کے ہمراہ کوہ پیمائی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرکے اشکولی سے اپنا سفر شروع کیا اور 21 اگست کو شمال کی سمت سے ’’اوگر 2‘‘ کی جانب بڑھنا شروع کیا، جس کے بعد سے ہی پوری ٹیم لاپتا ہے۔ پاکستان میں کوہ پیمائی اور مہم جوئی سے متعلق ’’الپائن کلب‘‘ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جب یہ کوہ پیما طے شدہ تاریخ پر واپس نا لوٹے تو بیس کیمپ نے الپائن کلب کو آگاہ کیا جس کے بعد مقامی انتظامیہ اور کوہ پیماؤں کے اہلِ خانہ سے رابطہ کیا گیا۔علاقے میں خراب موسم کی وجہ سے ان کی تلاش بھی روکنی پڑی ہے۔ گلگت بلتستان میں واقع اوگر کی پہاڑی چوٹیوں کو مقامی زبان میں ’’بائنتھا براک‘‘ بھی کہا جاتا ہے اور ان کا شمار دنیا کی دشوار ترین پہاڑی چوٹیوں میں ہوتا ہے جنہیں سر کرنا بہت مشکل ہے۔