خبرنامہ گلگت

پاک چائنہ اقتصادی راہداری گلگت بلتستان کےروشن مستقبل کی ضمانت ہے:جعفراللہ خان

استور :(اے پی پی)گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوامی توقعات اور خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان کی تعمیروترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ گلگت بلتستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے جس کی تکمیل سے بجلی کے بحران اور بے روزگاری کے خاتمے میں بڑی مدد ملے گی اور یہ منصوبہ 15 سالوں میں مکمل ہو گا ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کرتے ہیں ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے دور حکومت میں علاقے کی تقدیر بدل دے گی، جس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام سے ڈاکٹروں کی کمی دور کرنے میں بھر پور مدد ملے گی اور ڈاکٹروں کو اپنے صوبے میں اسپیشلائزیشن کرنے کے مواقع بھی ملیں گے۔