خبرنامہ گلگت

پاک چین اکنامک کوریڈورسےگلگت میں نئی راہیں کھولیں گی: حفیظ الرحمن

گلگت: (اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پاک چین اکنامک کوریڈور سے گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں ترقی کی نئی راہیں کھولیں گی۔ گلگت سکردو روڈ پر کام کا باقاعدہ آغاز جلد ہوگا۔ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کا ایجنڈا ملک کو معاشی طور پر مستحکم اور مضبوط بنانا ہے۔ گلگت بلتستان میں پانی سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گلگت بلتستان میں پاور پراجیکٹس کی تعمیر کیلئے بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور ایف ڈبلیو اوکے ساتھ مل کر کام کرینگے۔ جس سے گلگت بلتستان معاشی طورپر مستحکم ہوگا۔ حکومت ایف ڈبلیو او کی جانب سے پاور پراجیکٹس کی تعمیر اور معدنیات سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے انڈ سٹریز لگانے کی حوصلہ افزائی کریگی۔ گلگت بلتستان میں موجود قدرتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی خوشحالی اور ترقی کو یقینی بناینگے۔ نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے گلگت بلتستان میں مستقل امن قائم ہوا ہے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر مکمل عمل درآمد ہورہا ہے۔ جسکی وجہ سے گلگت بلتستان ایشیاء کا پر امن خطہ قرار پایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور مواقع فراہم کرنے کیلئے بورڈ آف انوسمنٹ کے قیام عمل میں لایا گیا ہے جسکے لئے بجٹ میں خاطر خواہ رقم مختص کی ہے۔ گلگت بلتستان میں انڈ سڑیل زون کا قیام عمل میں لایا گیا ہے بہت جلد انڈسٹریل زون کو فعال بنایا جائیگا۔ سی پیک کے حوالے سے اکنامک زون کے قیام کیلئے زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ گلگت میں110 میگاواٹ پاور پراجیکٹ کا سروے مکمل کیا گیا ہے۔ چھوٹے انتظامی یونٹس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گلگت بلتستان کو مثالی صوبہ بنائینگے ۔ترقیاتی منصوبے کے ثمرات عوام تک پہنچائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل محمد افضل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تعمیر وترقی اورعوام کی میعار زندگی بہتر بنانے کیلئے سوشل سیکٹر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ،صحت، تعلیم حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں، بہت جلد میڈیکل کالج کا آغاز ہوگا جس کی وجہ سے ڈاکٹروں کی کمی ختم ہوگی اور صحت کے بہتر مواقع میسر آئینگے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کا انفر اسٹریکچر خصوصاً شاہراہوں کی جدید خطوط پرتعمیر کیلئے متعلقہ ادارے کو درکار وسائل فراہم کیے گئے ہیں۔ ایف ڈبلیو او بھی روڈ انفر اسٹر یکچر کی بہتری میں اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔ اس موقع پر ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل محمد افضل نے کہا کہ ایف ڈبلیو او کے زیر انتظام نیشنل یونیورسٹی آف سکیل ڈویلپمنٹ چلائی جارہی ہے جسکو گلگت بلتستان تک وسعت دی جائیگی گلگت بلتستان میں5ہزار میٹرک ٹن فیول سٹور کرنے کیلئے 3فیول سٹوریج تعمیر کیے جائینگے اور2 وےئر ہاوسسز کا قیام عمل میں لایا جایگا۔ ایف ڈبلیواو اور گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر ممکن تعاون کریگا۔ گلگت بلتستان میں صوبائی حکومت کے باہمی اشتراک سے ہائیڈرل پاور پراجیکٹس تعمیر کرینگے۔ کاشغر تا گوادر خام تیل کی سپلائی کیلئے پائپ لائن بچھائی جائیگی جس سے گلگت بلتستان مستفید ہوگا۔ گلگت سکردو روڈ پر5نئے پل تعمیر ہونگے۔ جس کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں، ایف ڈبلیو او نے پلوں کی تعمیر میں ہونے والے ٹینڈر میں حصہ لیا ہے اگر اس کام کو ایف ڈبلیو او کو دیا گیا تو فوری پلوں کی تعمیر کا کام شروع کیا جائیگا۔