خبرنامہ گلگت

پنجاب حکومت نے ہر مشکل وقت میں گلگت بلتستان کے عوام کی بھر پور مدد کی ہے:جعفراللہ خان

گلگت(اے پی پی)ڈپٹی سپیکر جعفراللہ خان نے کہا ہے پنجاب حکومت نے ہر مشکل وقت میں گلگت بلتستان کے عوام کی بھر پور مدد کی ہے اور14کروڈ روپے کی مزید امدادفراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے گلگت بلتستان میں پائی جانے والی غذائی قلت ختم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے غذائی قلت پر قابو پانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے شاہراہ قراقرم پر پھنسی گندم کو گلگت پہنچانے کے لئے متبادل راستوں سے سپلائی شروع کردی ہے جس سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ یہ بات انہوں نے حلقہ ایک میں بارش سے متاثرہ علاقوں سکارکوئی ،جاگیر بسین ،کارگاہ ،نومل نلتر،بارگو،شروٹ ،شکیوٹ،کے دورے کے موقع پر عمائدین سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے بارش متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت تمام نقصانات کا ازالہ کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کررہی ہے اور انتظامیہ کے ذمہ داروں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ فوری طور پر متاثر علاقوں میں ہونے والے نقصانات کی حتمی رپورٹ مرتب کریں تاکہ حکومت فوری طور پر متاثرین کو معاوضے فراہم کرسکے۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت اصل متاثرین کو معاوضے فراہم کریگی جعلی بنیادوں پر رپورٹ مرتب کرنے والے انتظامی افسران کے خلاف بھی حکومت سخت کارروائی کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بارشوں کے بعد ہنگامی بنیادوں پر اقداما ت کرتے ہوئے گلگت بلتستان بھر میں 29بجلی گھروں کو بحال کردیا ہے جبکہ دیگر متاثرہ بجلی گھروں کی بحالی پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ کارگاہ کین سے بھی 3.5میگاواٹ بجلی کو بھی سسٹم میں شامل کیا گیا ہے جس سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مد د ملے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بارش سے متاثرہ اضلاع کو ریلیف کی فراہمی اور اشیاء خوردنوش پہنچانے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔