خبرنامہ گلگت

پن بجلی کےمنصوبےگلگت بلتستان کومنتقل کرنےکی منظوری

اسلام آباد: (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پن بجلی کے منصوبے صوبوں، آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کو منتقل کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔ ای سی سی کا اجلاس جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، کو منتقل کرنے اور واٹر یوز چارج بڑھانے کی اصولی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بدر 2 گیس فیلڈ سے 9.5 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ایس این جی پی ایل کے لئے مختص کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے قریب بن قاسم پر کوئلہ سے چلنے والے 1320 میگاواٹ کے درآمدی پاور پلانٹس کے انٹر کنیکشن کے لئے مقامی بینکوں سے 10.40 ارب روپے کی مالی سہولت کے لئے حکومت پاکستان کی گارنٹی کی منظوری بھی دی۔ ای سی سی نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی سیکشن 236 پی کے تحت نان فائلرز کے لئے 0.4 فیصد کی شرح سے ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کی مدت 31 جولائی 2016ء تک بڑھانے کی منظوری دی ہے۔