خبرنامہ گلگت

ڈسڑکٹ ہسپتال گلگت کو250 کلو واٹ کا جنرنیٹر اور ٹرانسفارمر فراہم کیاجائیگا:حفیظ الرحمن

گلگت:(اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ ڈسڑکٹ ہسپتال گلگت کو 250 کلو واٹ کا جنرنیٹر اور ٹرانسفارمر فراہم کیاجائیگا۔ ہسپتال کے ٹرانسفارمرز سے تمام لگائے گئے غیر قانونی بجلی کے کنکشن ختم کیے جائیں ۔ دوبارہ غیر قانونی کنکشن لگانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لوکل پرچیز کے تحت ادویات کی فراہمی صرف مستحق اور غریبوں کے لیے ہے لوکل پرچیز کے حوالے سے موصول ہونے والی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گلگت کو انکوائری کی ہدایت کی ہے ۔ اگر کسی آفیسریا غیر مستحق کو لوکل پرچیز کے ذریعے ادویات فراہم کی گئی ہیں تو ان کے خلاف کاروائی ہوگی۔ ہسپتالوں میں پرچی فیس کے نظام میں بہتر ی اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے جد ید مشین سسٹم متعارف کرایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مستقل پیرامیڈیکل سٹاف کی عدم حاضری اور زیر تربیت اور عارضی سٹاف سے دیوٹی لینے کا نوٹس لیتے ہوئے مستقل پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ ڈسٹرک ہیڈ کواٹر ہسپتال کے ملازمین کی اٹیجمنٹ کا نوٹس لیتے ہوئے جانچ پٹرتال کی ہدایت کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے میڈیکل سپر نٹینڈنٹ اور ڈپٹی سپر نٹینڈنٹ کی جانب سے ہسپتال کی بہتری کے لیے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہسپتال گلگت کے لیبر روم سے ملحقہ چار دیواری کے گرنے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تعمیر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں جلد از جلد بائیو میٹرک حاضری سسٹم کو نصب کرنے کا حکم دیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے میڈ یکل سپرنٹینڈنٹ کو ہدایت کی ہے کہ میڈیکل ویلفیر منیجمنٹ کمیٹیوں کو جلد از جلد فعال کیا جائے اور مخیر حضرات کو ہسپتال کی بہتری کے عمل میں شامل کیاجائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں موجود ڈاکٹر کی خدمات سٹی ہسپتال کو دی گئی ہیں اور موجود ایمبولینس کو بھی ہسپتال کو دیا گیا ہے ۔ سیکر ٹریٹ میں خدمات سرانجام دینے والے نرسنگ اسسٹنٹ بھی ڈسٹرک ہسپتال میں اپنے فرائض انجام دیگا۔