خبرنامہ گلگت

گلگت،صوبائی حکومت بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہے، ابراہیم ثنائی

گلگت۔:(اے پی پی) صوبائی وزیر اطلاعات و تعلیم حاجی محمد ابراہیم ثنائی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہے ، محکمہ ورکس کی دن رات کوششوں سے متاثرہ سڑکیں بحال ہورہی ہیں باقی ماندہ سڑکیں آئندہ چندروز میں صاف ہوجائیں گی۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارشوں نے تباہی مچادی ہے مصیبت کی اس گھڑی میں ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ ہوکر امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔ قدرتی آفات اللہ تعالیٰ کی طرف سے آزمائش ہوتی ہیں ایسے میں اتحاد وقت کی ضرورت ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی خصوصی کاوشوں اور ہدایات کی روشنی میں متاثرین میں ریلیف کا سامان بروقت پہنچایا جارہا ہے اس وقت تمام متاثرین تک امدادی اشیاء پہنچائی جارہی ہے وزیراعلیٰ گلگت بلتستا ن اور پوری کابینہ متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں محکمہ خوراک کو آٹا بحران پر فوری قابو پانے کی ہدایت کی گئی ہے انشاء اللہ تمام بحرانوں پر قابو پالیا جائیگا۔