خبرنامہ گلگت

گلگت،2 روزہ قومی ورکشاپ کےاختتام پرباقاعدہ اعلامیہ جاری

گلگت: ( اے پی پی) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے زیراہتمام منعقدہ 2 روزہ قومی ورکشاپ بعنوان “سماجی ہم آہنگی، رواداری اور ہماری اجتماعی ذمہ داریاں” کے اختتام پر باقاعدہ 12نکاتی اعلامیہ جاری کیا گیا۔ تمام شرکاء نے ہاتھ اٹھاکر اعلامیہ کی تائید کی۔اعلامیہ میں پیش کئے گئے نکات میں ،اپنے دائرہ عمل میں بین المسالک برداشت ، ہم آہنگی، رواداری اور بقائے باہمی کے فروغ کیلئے حتی الوسع کوشش کرنا۔مذہبی اختلافات کی صورت میں رسوخ کے ساتھ قرآن و سنت کی تعلیمات کے دلائل کو رجوع کرنا اور اسی کو حجت تسلیم کرنا۔کسی بھی شخص سے رائے میں اختلاف کا اظہار کرتے ہوئے اسی کی نیت ، محرکات ، ایمان ، اخلاص، قلبی کیفیت پر بات کرنے کے بجائے اس کے نقطہ نظر اور موقف کو ٹھنڈے دماغ ، دیانت داری، دہیان، توجہ، لگن اور انہماک سے سننا اور سمجھنا۔اختلاف کرنے سے قبل خود میں اختلاف برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا۔زبانی تشدد اور غیر اخلاقی الفاظ سے گریز کرنا۔ عدم ہم آہنگی کے معاملات کو جذباتیت ، اشتعال انگیزی ، تعاقب ا ور مناظرانہ انداز کی بجائے گفت و شنید، علمی بحث و مباحثہ ، مکالمہ اور افہام و تفہیم سے منطقی اندازمیں حل کرنا۔اکابر پرستی ، انا پرستی، اندھی تقلید، خودپسندی، صد و دعناد، ہٹ دھرمی، تعصب جیسی مذموم صفات سے بچتے ہوئے فرقہ واریت ، گروہ بندی اور تفرقہ بازی سے گریز کرنا۔اخلاص نیت اور ایمانداری کے ساتھ اپنے مسلک میں موجود ایسے مواد اور لٹریچر کی نشاندہی کرنا۔اختلاف کی صورت میں کسی کے خلاف مہم چلانے ، اسے مجبور کرنے ، زبردستی اپنا مسلک مسلط کرنے ، اپنے نظریات ٹھونسنے ، اپنی رائے تھوپنے، بدنامی، الزام تراشی، بہتان تراشی، بہتان طرازی، طعن و تشنع اور نفرت جیسے غیر اخلاقی رویوں سے یکسر اجتناب کرنا۔دوسرے اہل مسالک کے ساتھ علمی اختلافات کے باوجود وسعت قلبی سے کام لیکر سماجی تعلقات خوش اسلوبی کے ساتھ برقرار رکھنا۔ شعبہ اسلامیات جامعہ پشاور کے طرز پر اداب اختلاف کا مضمون بالخصوص ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح پر اسکے طریقہ تدریس، آداب اختلاف ، شرائط اور اصول کی تفصیلات کے ساتھ شامل نصاب کرنا۔آئندہ کیلئے جامعات میں علمی اختلافات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جامعاتی سندی تحقیقات میں مختلف جہتوں پر تحقیق کے خصوصی مواقع اور امکانات پیداکرنا اور ان میں آداب اختلاف کی پابندی اور اس کے اصول و شرائط کو اس کا حصہ بناناشامل ہیں۔