خبرنامہ گلگت

گلگت: بجلی کے بلوں سےتقریباڈھائی کروڑ روپے وصول کئے جا چکے ہیں

گلگت: (اے پی پی) محکمہ برقیات نے گلگت شہر میں نادہندگان سے ریکوری کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے نادہندہ صارفین کو نوٹسز دینے کا آغاز کر دیا ہے۔ محکمہ برقیات ذرائع کے مطابق گلگت شہر سے بجلی کے بلوں کی مد میں جولائی اور اگست کے دوران تقریباڈھائی کروڑ روپے وصول کئے جا چکے ہیں اور میٹر ریڈرز سمیت دیگر عملہ تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہاہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 2015میں بجلی بلوں کی ریکوری کی مد میں محکمہ برقیات گلگت کو 18 کروڑ روپے کا ہدف دیا گیا تھا مقررہ ہدف کو پورا کرتے ہوئے اس مالی سال کے دوران محکمہ نے کل 19کروڑ20 لاکھ سے زائد کی ریکوری کی تھی اس سلسلے میں ریکوری کے کام کو مزید تیز کرنے اور بلات کی وصولی کو یقینی بنانے کے لئے شہر بھر میں 10ٹیمیں متحرک ہیں اور انکے ذمہ غیر قانونی کنکشنز کو منقطع کرنے کا کام بھی لگایا جا چکا ہے تاکہ بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔ محکمہ برقیات بجلی کے بلات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے جی ایس ایم ٹیکنالوجی سے لیس بجلی کے میٹرز کی تنصیب کے لئے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ محکمہ کمپیوٹرائزڈ بلنگ کے ذریعے تمام ریکارڈ اور صارفین کے کوائف اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بھی فراہم کرے گا تاکہ صارفین کسی بھی وقت اپنے کنکشن کی معلومات حاصل کر سکیں۔